ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کا ورکرز کنونشن منعقد کرانے پر سینیئر سیاست دان جاوید ہاشمی کے دو داماد اور دو نواسوں سمیت 36 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کی مدعیت میں تھانہ مخدوم رشید میں مقدمہ درج کیا گیا۔
اس سے قبل کنونشن میں شامل 8 کارکنوں کو گرفتار بھی کیاگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مخدوم جاوید ہاشمی نے اپنی رہائشگاہ پر پاکستان تحریک انصاف کا ورکرز کنونشن منعقد کیا جس میں مہر بانو قریشی اور زاہد بہار ہاشمی جو صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہیں نے خطاب کیا تھا۔
جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا ورکرز کنونشن گھر کے اندر تھا اور انہوں نے نہیں بلکہ ان کے داماد اور مہر بانو قریشی نے بلایا تھا، پولیس نے کنونشن سے 70 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
مقدمہ کار سرکار میں مداخلت پولیس پارٹی پر حملہ کرنے اور بغیر اجازت کنونشن منعقد کرانے پرکیا گیا۔